وائرل ویڈیو: براہ راست نشریات میں قومی ترانہ پڑھتے ہوئے گلوکارہ نے گالی بک دی!

امریکا میں جاری صدارتی مہم کے دوران براہ راست نشریات میں گلوکارہ نے قومی ترانہ پڑھتے ہوئے گالی بک دی بعد ازاں عوام سے معذرت کر لی۔

امریکا میں صدارتی الیکشن میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے جیسے جیسے پولنگ کا وقت قریب آ رہا ہے گرما گرمی نہ صرف امیدواروں بلکہ حامیوں اور عام شہریوں میں بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدارتی الیکشن میں آزاد امیدواروں کی جانب سے ٹی وی مباحثے کی براہ راست نشریات کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھتے ہوئے امریکی ریپر گلوکارہ لومس غلطی سے گالی دے بیٹھیں۔

گلوکارہ کے اس طرز عمل پر شہریوں میں غم وغصہ پھیل گیا جب کہ لومس کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا تو بلا تاخیر اپنی غلطی پر عوام سے معافی مانگ لی۔

لومس کی یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ قومی پڑھتے ہوئے اچانک گالی بک دیتی ہیں اور منتظمین سے قومی ترانہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت مانگتی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں یہ آواز بھی سنی جاسکتی ہے کہ کوئی گلوکارہ کو بتاتا ہے کہ یہ لائیو جا رہا ہے اور آپ دوبارہ نہیں پڑ سکتی ہیں تاہم وہ دوبارہ غلطی کرتی ہیں۔

اس موقع پر گلوکارہ براہ راست نشریات میں یہ کہتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں کہ وہ نروس ہو رہی ہیں۔

 

ریپر گلوکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن سے یہی خوف تھا کہ میں سب کے سامنے پرفارمنس کے دوران کوئی بہت بڑی غلطی کر جاؤں گی اور آج میرا خوف حقیقت بن گیا۔

لومس نے کہا کہ یہ نادانستہ غلطی تھی، اس کو قومی ترانے کی توہین نہ سمجھا جائے کیونکہ ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ یہ غلطی صرف براہ راست نشریات کے دباؤ کی وجہ ہوئی۔