اسامہ کائرہ آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک

لالہ موسیٰ: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ اور اُس کے دوست حمزہ کو آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے اسامہ اور حمزہ کا نمازِ جنازہ ایک ساتھ ہوا جس میں پی پی کے شریک چیئرمین زرداری، بلاول، گیلانی، راجہ پرویز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، صوبائی وزیراطلاعات صمصام بخاری شریک ہوئے۔

علاوہ ازیں علاقہ مکینوں، رشتے داروں اور پیپلزپارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ دونوں جوانوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کی گئی۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی گاڑی کو ٹراما سینٹر جی ٹی روڈ کے قریب حادثہ اُس وقت پیش آیا تھا کہ جب تیز رفتاری میں وہ موڑ کاٹنے چاہتے تھے، اسی اثناء اُن سے گاڑی قابو نہیں ہوئی اور سیدھی درخت سے جاکر لگی۔

گاڑی درخت سے لگنے کے بعد مکمل تباہ ہوگئی جبکہ دونوں نوجوان جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے تھے، ملک کی سیاسی و عسکری قیادتوں نے بیٹے کی افسوسناک موت پر قمر زمان کائرہ اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔