کراچی میں استعمال شدہ انجن آئل کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے کا انکشاف

کراچی انجن آئل

کراچی : پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سعید آباد میں جعلی آئل کا کارخانہ پکڑلیا، جس کے بعد استعمال شدہ انجن آئل کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیماڑی تھانہ مدینہ کالونی پولیس نے سعید آباد میں چھاپہ مار کارروائی کی اور کارروائی کے نتیجے میں جعلی آئل کا کارخانہ پکڑا گیا۔

پولیس نے موقع سے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ کارخانے میں استعمال شدہ آئل کو صاف کرکے دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کیا جارہا تھا۔

عارف اسلم راؤ کا کہنا تھا کہ دوران کارروائی مذکورہ کارخانے سے 24 عدد آئل کے ڈرم اور ایک شہزور گاڑی کو قبضے میں لے لی گئی ہے ، کارخانہ سعیدآباد N 4 بس اسٹاپ کے پاس واقع گودام میں بنایا گیا تھا۔

ایس ایس پی کیماڑی نے مزید بتایا کہ ملزمان میں عارف تنولی اور محمد اسماعیل شامل ہیں، ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔