اے آر وائی ڈیجیٹل پر ناظرین کے لیے ایک اور ڈرامہ سیریل ’غیر‘ جلد نشر کیا جائے گا جس کا دوسرا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’غیر‘ میں اداکار عدیل حسین، اشنا شاہ، اسامہ خان مرکزی کردار نبھائیں گے جبکہ دیگر کرداروں میں بابر علی، ارجمند رحیم، یشمیرا جان، صبا حمید ودیگر شامل ہیں۔
غیر کی ہدایت کاری کے فرائض یاسر نواز نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زنجابیل عاصم شاہ نے لکھی ہے۔
ممکنہ طور پر ڈرامہ سیریل ’نور جہاں‘ کے اختتام کے بعد ’غیر‘ کی پہلی قسط نشر کی جائے گی۔
ٹیزر دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی ایسے مرد کے گرد گھومتی ہے جو بیوی پر شک کرتا ہے اور دوسروں کے سامنے اس کے کردار کو داغدار کرتا ہے۔
ایک سین میں ’اشنا شاہ کو اسامہ خان سے یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’اپنی محبت کھودی تم نے ساتھ میں مجھے بھی ساری زندگی کے لیے مسافر بنادیا ہے۔‘
غیر کے ٹیزر کو گزشتہ روز یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا جسے ہزاروں کی تعداد میں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس کی پہلی قسط کے بے تابی سے منتظر ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ اشنا، عدیل اور اسامہ خان کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
دوسرے مداح نے ہدایت کار یاسر نواز کی تعریف کی اور لکھا کہ ڈرامے کا انتظار کرنے کی وجہ ڈائریکٹر ہیں کیونکہ ان کے ڈراموں کی کہانی منفرد ہوتی ہے۔