شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ غزہ کے حالات دیکھ کر اسلام کے مزید قریب ہوگئی ہیں۔
اداکارہ اشنا شاہ فلسطین کی حمایت سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتی رہتی ہیں جبکہ انہوں نے کراچی میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلیے نکالی گئی ریلی میں بھی شرکت کی تھی۔
گزشتہ دنوں اشنا شاہ پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر، ازدواجی زندگی اور فلسطین سے متعلق گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے معلوم تھا کہ میں جب اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں بولوں گی تو سب سے پہلے ملٹی نیشنل کمپنیاں مجھے پراجیکٹس دینا بند کردیں گی اور مجھے انسٹاگرام پر شیڈو بین کردیا جائے گا۔
اشنا شاہ نے کہا کہ ہم اسلام سے دور ہورہے تھے لیکن غزہ کی وجہ سے میں اور دیگر ملسمان بھی اسلام کے مزید قریب آگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فلسطین کے حالات دیکھنے کے بعد عُمرہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا اور اب عُمرے کی ادائیگی کے بعد بھی انگریزی زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہی ہوں۔
اشنا شاہ نے کہا کہ میرا بچپن کینیڈا میں گزرا ہے اور میرا وہاں کام کرنے کا پلان تھا کیونکہ میرا ہمیشہ سے خواب تھا کہ میں نے باہر جاکر کام کرنا ہے لیکن اس وقت غزہ میں کشیدہ صورتحال ہے، اس کی وجہ سے میں نے کینیڈا جانے کا فیصلہ تبدیل کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اشنا شاہ نے حال ہی میں شوہر حمزہ امین کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ رواں سال 23 فروری کو اشنا شاہ اور معروف گالفر حمزہ امین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔