پیدل حجاز مقدس پہنچنے والے عثمان ارشد نے حج کی سعادت حاصل کرلی

عثمان ارشد

اوکاڑہ: پیدل سفر کرکے حجاز مقدس پہنچنے والے اوکاڑہ کے شہری عثمان ارشد نے حج کی سعادت حاصل کرلی۔

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے عثمان ارشد نے چھ ماہ 13 دن میں 5400 کلو میٹر کا سفر طے کیا تھا اور فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے تھے۔

عثمان ارشد نے کہا کہ آج حج کی ادائیگی سے زندگی کا سب سے بڑا فریضہ ادا ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ تین ملکوں کے بارڈر کراس کرکے چھ ماہ اور 13 دن میں سعودی عرب کی سرزمین پر پہنچا تھا۔

عثمان ارشد نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کی جس پر صارفین انہیں فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

‎واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان نے پاؤں میں چھالوں کے باوجود سر زمین حجاز کیلئے سفر جاری رکھا۔

‎جب عثمان ارشد سعودی عرب پہنچے تو ان کے پاس حج کا ویزہ نہیں بلکہ عمرے کا ویزہ تھا جس کے بعد پاکستان حج مشن کی کوششوں سے عثمان ارشد کو حج کا ویزا مل گیا۔

یاد رہے کہ پاکستانی طالب علم عثمان ارشد نے اپنے سفر کا آغاز یکم اکتوبر 2022 کو اوکاڑہ سے کیا تھا اور 13 اپریل 2023 کو وہ سعودی عرب پہنچے۔