لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خیبر پختون خوا میں گندم اور آٹے کی قلت دور کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر کے پی کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس سلسلے میں اپنی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے کی منظوری دی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے، پنجاب اپنے اسٹاک سے کے پی کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم فراہم کرے گا، اس اقدام سے کے پی میں آٹے کی قلت دور کرنے میں مدد ملے گی۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹے کی قیمت میں استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے، ان کے حکم پر محکمہ خوراک نے صوبے بھر میں ایکشن شروع کر دیا ہے، جس کے دوران 542 فلور ملوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور گندم کا کوٹہ معطل کر دیا گیا۔
کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے
وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر 88 فلور ملوں کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں، آٹے کے مختلف ملوں پر 14 کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔
ادھر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، آٹے کا بحران سندھ میں ہے، پچھلے ماہ پنجاب حکومت نے فلور ملز کو بھرپور گندم دینے کا فیصلہ کیا تھا، اب جنوری میں فلورملز کو زیادہ کوٹہ دیا جائے گا۔