ڈینگی پر قابو پانے کے لیے عثمان بزدار کی افسران کو آخری وارننگ

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری وارننگ دے دی، انہوں نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد ڈینگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے افسران کو آخری تنبیہ دے دی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور راولپنڈی کو ڈینگی کے باعث تبدیل کیا، اب جو کوتاہی کرے گا اس کی باری ہے۔

عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے آج راولپنڈی جانے کا بھی اعلان کیا۔

خیال رہے کہ ڈینگی وائرس نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا کے مطابق ملک بھر میں 10 ہزار ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں ڈینگی مریضوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں 2363، سندھ میں 2258، پختونخواہ میں 1514 اور بلوچستان میں 1752 ڈینگی کے مریض ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی غلط ٹیسٹ رپورٹس جاری ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ لاہور کے شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں عملے نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیگم کوٹ کےرہائشی کی ڈینگی سے متعلق منفی رپورٹ جاری کی۔

مذکورہ شہری کو صحت مند قرار دے کر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تاہم شہری نے نجی اسپتال سے ڈینگی ٹیسٹ کروائے تو رپورٹ مثبت آئی۔