لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ٹوٹی سڑکوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں کثیرمنزلہ عمارتوں کی تعمیرکی حوصلہ افزائی کے لیے قواعد آسان اور بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سردار عثمان بزدار نے کثیرمنزلہ عمارتوں پرکمیٹی کو جلد قواعد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جوہرٹاؤن میں پاکستان کی دوسری بلند ترین عمارت کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا، 44 کنال پر تعمیرعمارت 45 منزلہ ہوگی جس میں 3 بیسمنٹ بھی ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی سڑکوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایل ڈی اے کو سڑکوں کی حالت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں کثیرمنزلہ عمارتوں کی تعمیر خوش آئند ہے، کثیرمنزلہ عمارتوں میں ریسکیو کا خصوصی انتظام کیا جائے۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہم حفاظت کے بین الاقوامی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کی اجازت دینے کے لیے قوانین تشکیل دے رہے ہیں۔