اسلام آباد: نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن میں حکومت کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوگئی، اسلامی ترقیاتی بینک نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح وفد کی اسلام آباد آمد ہوئی، وفد کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر مشیر ولید الووحیب اور دیگر حکام وفد میں شامل ہیں۔ عثمان ڈار نے وفد کو نوجوانوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔
بینک کے وفد نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کیا۔ بینک حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان سے اشتراک اور تعاون پر تیار ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد ’کامیاب جوان‘ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان خطیر رقم نوجوانوں پر خرچ کرے گی۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ خود منصوبے پر غور کر رہے ہیں، کابینہ سے منظوری کے ساتھ ہی پروگرام کا آغاز کر دیا جائے گا۔