بھارتی سرزمین پر 16 سال بعد "پاکستانی” کی سینچری

ممبئی: آسٹریلوی اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ نے احمد آباد ٹیسٹ میں سینچری جڑتے ہوئے اپنے عزائم ظاہر کردئیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں چوتھا اور آخری ٹیسٹ کھیلا جا رہا ہے۔

آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کینگروز نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالئے ہیں۔

پہلے دن کی خاص بات آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ کی شاندار سینچری تھی، خواجہ نے 251 گیندوں پر 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے بھی شامل ہیں۔

سولہ سال بعد کسی پاکستانی کی بھارتی سرزمین پر یہ پہلی سینچری ہے اس سے قبل مصباح الحق نے دو ہزار سات میں بھارت کے خلاف ایڈن گارڈن میں 161 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

یاد رہے کہ عثمان خواجہ کی ٹیسٹ کیرئیر میں یہ 14ویں جبکہ بھارتی سرزمین پر پہلی سینچری ہے، اس کے علاوہ  پاکستان، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ کے خلاف تین تین سینچریاں بناچکے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف 2، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ سینچری جڑ چکے ہیں۔