آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز عثمان خواجہ نے فلسطینی بچوں کی مدد کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے۔
غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ہر فورم پر اظہار یکجہتی کی کوشش کر رہے ہیں اور اسرائیلی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کر رہے ہیں۔
عثمان خواجہ نے گزشتہ ماہ پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں ’’تمام زندگیاں برابر ہیں‘‘ کا نعرہ لکھے جوتے پہن کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا تھا تاہم آئی سی سی ان کے آڑے آ گیا تھا اور انہیں یہ جوتے پہننے سے روک دیا تھا۔
تاہم اب آسٹریلوی اوپنر نے ان ہی جوتوں کو نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے حاصل شدہ آمدنی وہ غزہ کے بچوں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
عثمان خواجہ نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کرتے ہوئے کیا ہے جس کے مطابق یہ نیلامی 12 فروری تک جاری رہے گی۔
کرکٹر نے کہا کہ اس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی یونیسف چلڈرن آف غزہ کے لیے ہو گی کیونکہ اس وقت وہاں کے بچوں کو دنیا کی مدد کی پہلے سے بہت زیادہ ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے ان ہی نعرے لکھے جوتوں کی پرنٹ والی ٹی شرٹ پر فلسطینوں سے یکجہتی کے نعرے درج کر کے ملبوسات بنانے والی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا۔
I've team up with @electric_wicky to bring you the Uzzy "Freedom and Equality" T shirts. All profits will be donated to the 'Unicef Children of Gaza' appeal . For those who can, please purchase to help support those who are struggling and spread the word! Link in my Bio! ❤️ pic.twitter.com/h2HOtZ7f1p
— Usman Khawaja (@Uz_Khawaja) January 16, 2024
عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ٹی شرٹس خریدنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے حاصل ہونے والی رقم اقوام متحدہ کی تنظیم ’یونیسیف چلڈرن آف غزہ‘ کو دی جائے گی۔