قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے کئی سالوں بعد یہ حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ وہ خود اپنی شادی میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان خان شنواری جو کئی سال قبل شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں انہوں نے گزشتہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران یہ حیرت انگیز انکشاف کیا کہ وہ خود اپنی شادی سے غیر حاضر رہے تھے۔
عثمان خان شنواری نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ یہ میرے کیریئر کے ابتدائی ایام تھے جب میں کرکٹ میں اپنا نام بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ میرا نکاح پہلے ہوچکا تھا لیکن جب رخصتی ہونا تھی تو پی ایس ایل جو ان دنوں ملک سے باہر کھیلا جاتا تھا وہاں سے اچانک بلاوا آگیا وہ بھی اس طرح کہ کراچی کنگز کے بولر محمد ابرار زخمی ہوگئے تھے۔
مجھے میری بارات سے ایک رات قبل اچانک فون آیا اور کہا گیا کہ تم اپنا پاسپورٹ وغیرہ کا بندوبست کر لو تمہیں دبئی پہنچنا ہے پی ایس ایل کیلے یہ سنتے ہی خوشی بھی ہوئی مگر پریشانی بہت زیادہ ہو گئی تھی کیونکہ اگلے ہی دن میری بارات تھی اور اس سے اگلے روز ولیمہ تھا۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بارات اور ولیمے کی تقریبات کی تمام تیاریاں بھی ہو چکی تھیں اس لیے اسے منسوخ بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ اس موقع پر میں نے اپنی اہلیہ سے فون پر رابطہ کیا اور انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔
عثمان شنواری نے بتایا کہ اس تمام صورتحال میں میری اہلیہ نے انتہائی استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ 2 سالوں سے موقع کا انتظار کر رہے تھے اب موقع ملا رہا ہے تو جائیں آپ۔ میں شادی کر کے آپ کے گھر ہی آ رہی ہوں۔
اس موقع پر فاسٹ بولر نے شادی کی تقریبات کی عکاسی کرتے ہوئے بتایا کہ بارات اور ولیمہ اپنے مقررہ وقت پر ہوئے لیکن اسٹیج پر دلہن اپنے اور میرے گھر والوں کے ساتھ اکیلی بیٹھی رہی۔
عثمان نے اپنی شادی اور اہلیہ کو اپنے کیریئر کے لیے خوش بختی کی علامت قرار دیا اور ازراہ مذاق کہا کہ اب اگر دوسری شادی کا موقع ملا تو غیر حاضر نہیں رہوں گا بلکہ اپنے سارے ارمان پورے کرلوں گا۔