یوٹیلیٹی اسٹورز کے پریشان ملازمین کے لئے اہم خبر آگئی

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کے لئے خصوصی پیکج کی آج منظوری کا امکان

اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کے لئے خصوصی پیکج کی آج منظوری کا امکان ہے ، وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کیلئے 27 ارب کا پیکج مانگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔

وزارت صنعت کی جانب سے ای سی سی میں سمری پیش کی جائے گی، وزارت صنعت نے یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کیلئے 27 ارب کا پیکج مانگا ہے۔

ای سی سی اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ، جس میں سرکاری ٹی وی کیلئے 11ارب روپے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ پربات ہوگی اور پاکستان آئل ریفائنری پالیسی 2023 کے مطابق ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کی سمری پر غور ہوگا۔

اس کے علاوہ تھلیاں سے تارو جبا تک وائٹ پائپ لائن بچھانےکےٹیرف سےمتعلق ایجنڈے پرغورہوگا جبکہ بجلی صارفین کوکیپٹو ٹرانزیشن لیوی میں ریلیف دینےکی سمری بھی زیر غور آئے گی۔

مزید پڑھیں : یوٹیلیٹی اسٹورز ختم! ملازمین کا کیا ہوگا؟

گذشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس فاروق ستار کی زیر صدارت ہوا تھا، جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔

کمیٹی کی رکن سحر کامران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو رہے ہیں، اسی طرح پی آئی اے کے ملازمین کے حوالے سے بھی خدشات موجود ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری صنعت و پیداوار نے بتایا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے تمام اسٹورز سیل کر دیے گئے ہیں اور ان کے مالی معاملات اب مزید سبسڈی کے بغیر نقصان میں جا رہے ہیں ، جب تک سبسڈی ملتی رہی، یوٹیلیٹی اسٹورز بہترین انداز میں چلتے رہے۔

سیکریٹری نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے 10 سے 11 ہزار ملازمین ہیں، تاہم صرف 300 ملازمین کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ باقی ملازمین کو خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت فارغ کیا جائے گا۔