اتراکھنڈ سرنگ حادثہ: 40 مزدوروں کو نکالنے کیلئے بڑا اقدام

اتراکاشی: اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کے لئے جدوجہد کا سلسلہ تاحال جاری ہے، تاہم اب حکومت کی جانب سے ایک اہم اقدام اُٹھا لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے حکومت نے اہم اقدام اُٹھاتے ہوئے دہلی سے بدھ کے روز آگر مشین کو مذکورہ مقام پر منتقل کروایا۔

ہندوستانی ایئر لائنز کے تین خصوصی طیارے 25 ٹن وزنی مشینوں کو لے کر پہنچے۔ ان مشینوں کی مدد سے ہر گھنٹے پانچ میٹر تک ملبا نکالا جا رہا ہے، تاکہ 900 ایم ایم کا پائپ دوسری طرف منتقل کیا جاسکے۔

مشین کو فضائیہ کے ہرکولیس طیارے کے ذریعے تین کھیپوں میں منتقل کیا گیا، مشین کو گرین کوریڈور کے ذریعے مذکورہ مقام پر پہنچایا گیا۔

نئی دہلی کے ہندن ایئربیس سے نئی مشین کے پرزہ جات لے کر فضائیہ کا پہلا ہرکولیس طیارہ بدھ کو دوپہر ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر اترا، جس کے بعد مشین کے پرزوں کو ٹرک کے ذریعے شام پونے چار بجے سلکیارا ٹنل تک منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ اب ملٹری آپریشن ٹیم بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فضائیہ اور فوج بھی ریسکیو آپریشن میں مدد کر رہی ہے۔

راحت اور بچاؤ مشن کے انچارج کرنل دیپک پاٹل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکہ میں بنائی گئی جیک اینڈ پش ارتھ آگر مشین بہت جدید ہے جو بہت تیزی سے کام کرے گی۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کے لیے ناروے اور تھائی لینڈ کی خصوصی ٹیموں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔

ریسکیو ٹیم کی جانب سے مزدوروں کی جان بچانے کے لئے تھائی لینڈ کی ایک ریسکیو کمپنی سے رابطہ کرلیا گیا ہے، کچھ عرصہ قبل اسی کمپنی نے تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں اور ان کے فٹ بال کوچ کو بچایا تھا۔

اس کے علاوہ ریسکیو ٹیم کی جانب سے سرنگ کے اندر آپریشن کے حوالے سے انڈین ریلویز، آر وی این ایل، رائٹس اور ارکان کے ماہرین سے بھی تجاویز لی جا رہی ہیں۔