لاہور: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر سخت ردعمل کا مشورہ دے دیا۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ اڈیالہ حکام کے مطابق پرویز الٰہی واش روم میں گرے اور زخمی ہوئے، آپ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر الزام لگانے سے قبل اڈیالہ حکام کی رپورٹ پڑھ لیتے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ پرویز الٰہی کا علاج کروانے کے بجائے اپنے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا علاج کروائیں جو لوگوں کو افسران کو اینٹیں مارنے کے مشورے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تانگہ پارٹی نے اپنے پر جرم کا الزام مریم نواز پر لگانا وطیرہ بنا لیا ہے، مریم نواز صوبے کے عوام کی خدمت کے علاوہ کسی مخالف پر توجہ نہیں دے رہیں۔
چند روز قبل بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم سے ملاقاتوں پر عائد پابندی سے متعلق کہا تھا کہ اگر پنجاب حکومت سکیورٹی نہیں دے سکتی تو بانی پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر دے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مریم نواز بانی پی ٹی آئی کے خوف میں مبتلا ہیں، مریم نواز پنجاب میں کام کے بجائے صرف فوٹوشوٹ میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اپنی حکومت کی نااہلی چھپانے کیلیے ڈرامے بازی ہو رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلیے فضول شوشہ چھوڑتے ہیں۔