کیا بانی پی ٹی آئی بکری چوری کے الزام میں جیل میں ہیں؟ وزیر اطلاعات پنجاب

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی پڑی ہے کیا وہ بکری چوری کے الزام میں جیل میں قید ہیں؟

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل پی ٹی آئی کے جلسے میں جو کچھ ہوا، یہ پہلی بار نہیں بلکہ پہلے بھی اسلام آباد میں ایسا کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے 15 دن میں اپنا لیڈر رہا کروانے کا کہا۔ میں انہیں 20 دن دیتی ہوں یہ اپنا لیڈر رہا کروا کر دکھائیں۔ وہ کوئی بکری چوری کے الزام میں جیل میں قید ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جلسہ گاہ میں 3 ہزار بندہ بھی نہیں تھا۔ پنجاب سے لوگ نہیں نکلے تو جعلی ویڈیو لگا کر عزت بچائی گئی۔ کل وزیر اعلیٰ کے پی نے خواتین کے لیے گندی زبان استعمال کی، وہ مریم نواز کو دھمکیان دے رہے تھے لیکن ان کی اس زبان سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ پر قانون حرکت میں آئے گا۔ میں وفاقی حکومت سے کہتی ہوں کل جو کچھ ہوا، اسکی معافی نہیں ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی طالبان کے ہاتھوں یرغمال اور دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے لیکن کل علی امین گنڈاپور نے پنجاب پر لشکر کشی کرنے کا عندیہ دیا۔ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ نئے 9 مئی کی تیاری ہو رہی ہے اور یہ لاہور میں آ کر 9 مئی کرنا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبہ پنجاب ہمیشہ بڑے ہونے کا ثبوت دیتا ہے، لیکن اگر انہیں پنجاب پر لشکر کشی کا شوق پیدا ہوا ہے تو کر کے دکھائیں۔ انہیں جو زبان سمجھ آتی ہے، اسی زبان میں بات کی جائے گی۔ ہماری پولیس نشئیوں کا نشہ بہت جلد اتارنا جانتی ہے۔