سب کو پتا چل گیا مریم نواز کوئی دباؤ نہیں لیتیں، عظمیٰ بخاری

سب کو پتا چل گیا مریم نواز کوئی دباؤ نہیں لیتیں، عظمیٰ بخاری

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو لوگ جان جائے گے وہ کوئی پریشر نہیں لیتی ہیں، صوبے کو بہتر کرنے کیلیے تجاوزات کے خلاف سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارا مشن کسی ریڑی والے کو ہٹانا نہیں ہے۔

پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیورو کریسی کے سامنے اپنی ترجیحات رکھ دی ہیں اب صوبے میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے واضع کہا ہے کہ خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر فوری کاروائی ہوگی، جتنے بھی واقعات اب تک پیش آئے ہیں تمام کے ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک نیا محکمہ یا اتھارٹی بنانے کی منظوری دی ہے جو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نگہبان رمضان پیکج شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے اور سستے رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے، 15 ایسے اضلاع جہاں رمضان بازار نہیں لگائے جاتے تھے وہاں بھی اب رمضان بازار کی منظوری دے دی گئی ہے۔

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ مریم نواز نے جب سے حلف اٹھایا ہے ایک ماہ کا وقت دیا ہے پنجاب کے تمام گاؤں اور شہروں کی صفائی کو ممکن بنایا جائے جس کی وزیر اعلیٰ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔