لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کو والد کے سامنے آپ نے گرفتار کروایا تھا، آپ نے سیاسی مخالفین پر آرٹیکل 6 کے مقدمات کی فرمائشیں کیں،
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بشریٰ بی بی یا آپ کی چاروں بہنوں کو گرفتار نہیں کروایا، آپ نے بطور وزیراعظم 100 سے زائد لیگی رہنماؤں کو گرفتار کروایا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک بھی لیگی رہنما نے نواز شریف اور ن لیگ کا ساتھ نہیں چھوڑا، تحریک انصاف کے انقلابیوں نے لائنیں لگا کر پریس کانفرنس کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز پر فاشسٹ ہونے کے الزامات لگانے پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیراعلانیہ مارشل لا نافذ ہے، ایس آئی ایف سی کیا ہے؟ محسن نقوی کون ہے؟
بانی پی ٹی آئی نے محسن نقوی کو مذاکرات کا اختیار دینے سے متعلق سوال پر کہا کہ محسن نقوی نے آئی جی پنجاب سے ملکر لوگوں پر ظلم کیا، ان سے کبھی بات نہیں کروں گا۔ مریم نواز فاشسٹ ہیں۔ حکومت کا مقصد ہے کہ فوج اورپی ٹی آئی کو لڑوا کر ہماری جماعت ختم کرائی جائے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھےجوڈیشل کمپلیکس سے اغواکیا گیا توجسٹس عامر فاروق نے اسے درست قراردیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے گزارش ہے میرے مقدمات سے الگ ہوجائیں، ہائی کورٹ میں اور بھی جج ہیں کسی اور کیسز دے دیں جبکہ پی ٹی آئی کا کوئی بندہ نومئی میں ملوث ہے تو سزا دیں۔