ممبئی (8 اگست 2025): معروف بالی وڈ اسٹار وانی کپور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ اور مقبول پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے دفاع میں آگئیں۔
وانی کپور نے حال ہی میں پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان کے ساتھ فلم ’عبیر گلال‘ میں کام کیا جو پہلگام واقعے کے باعث سینما گھروں میں ریلیز نہ ہو سکی۔
اسی طرح دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کے ساتھ فلم ’سردار جی 3‘ میں کام کیا جو بھارت کے بجائے بیرون ملک سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی گئی۔
اس کی وجہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی ہے جو مودی سرکار نے پہلگام واقعے کے بعد لگائی۔
انڈین میڈیا کے مطابق حال ہی میں وانی کپور نے این ڈی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اس معاملے پر روشنی ڈالی اور دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم کا دفاع کیا۔
وانی کپور نے کہا کہ جب دلجیت دوسانجھ کی فلم ’سردار جی 3‘ کی شوٹنگ ہوئی تو صورتحال مختلف تھی، فلم کی شوٹنگ پہلگام واقعے سے قبل کی گئی تھی، بطور ایک پروڈیوسر فرض کرتی ہوں کہ رقم ضرور پھنس گئی ہوگی۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ فلم بنانے میں تقریباً 100 تکنیکی ماہرین شامل تھے، فلم کی شوٹنگ کے وقت صورتحال مختلف تھی۔
دلجیت دوسانجھ کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ گلوکار کے فیصلے کا مطلب قوم کی بے عزتی کرنا تھا، وہ ایک عالمی ستارہ ہیں انہوں نے اپنے لیے جو مناسب سمجھا اس کے مطابق اقدامات کیے، مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے کوئی قانون توڑا ہے۔