آلو کی قیمت 5 روپے کم نہ کرنے پر سبزی فروش کو گولی مار دی گئی

آلو کی قیمت

بھارت میں گاہک نے آلو کی قیمت پانچ روپے کم نہ کرنے پر سبزی فروش کو گولی مار دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگرہ کے علاقے وکاس نگر میں سبزی فروش شیو کمار نے گاہک کو بتایا کہ آلو کی قیمت 35 روپے فی کلو ہے تاہم گاہک نے آلو 30 روپے کلو دینے کا کہا۔

دکاندار کے ریٹ کم کرنے سے انکار پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا جس کے بعد گاہک نے کمار کو گولی مار دی جو اس کے کان میں لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

قریبی دکانداروں نے فوری طور پر حملہ آور کو قابو کرلیا اور زخمی سبزی فروش کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

پولیس کا کہنا کہ گرفتار ملزم اسلام نگر کا رہائشی ہے اس نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ چھ ماہ میں اسی طرح کے تین واقعات رونما ہوچکے ہیں۔