سوات میں مشیر وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام کے قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قافلے مین شامل پولیس وین الٹنے سے کئی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مشیر وزیر اعظم امیر مقام نے خود گاڑی سے اتر کر پولیس وین اٹھانے میں مدد کی۔ ان کا قافلہ خوازہ خیلہ جلسے کے بعد واپس جا رہا تھا۔
گزشتہ روز شانگلہ میں مارتونگ کے علاقہ کنکار میں امیر مقام کے قافلے کے قریب مشکوک افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تھا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ جلسے میں جار ہا تھا کہ کنکار کے مقام پر مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی، میرے گزرنے کے بعد فائرنگ بھی ہوئی جس پر پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسہ کر کے واپس اسلام آباد جا رہا ہوں اور خیریت سے ہوں، 7 بار خودکش حملے ہوئے لیکن قوم کی خدمت جاری رکھوں گا۔