قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے بھارت سے شکست پر عجیب منطق اپنا لی۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ بھارت سے شکست ہمارے لیے گفٹ ہے، تین ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارے تھے یہ ویک اپ کال اور کارکردگی بہتر کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس تحفے کے لیے بہت شکر گزار ہیں جو ان پچھلے دو دنوں میں دیا گیا ہے کیونکہ ٹورنامنٹ کے اس مرحلے پر آنا اور ورلڈ کپ سے پہلے آنا یہ سب ہمارے لیے غلطیوں کو سدھارنے کا شاندار موقع ہے۔
بریڈ برن نے کہا کہ ہماری بیٹنگ یونٹ نے ابھی تک کلک نہیں کیا لیکن ہمیں بیٹر پر بھروسہ ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ شاندار بینچ کھلاڑی ہیں جو سخت محنت کررہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ تبدیلی ہوگی تو وہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فیلڈنگ اچھی نہیں رہی یہ ایک ایسی چیز ہے جس پر ہم نے سخت محنت کرنی ہے، ہمارے پاس کچھ شاندار فیلڈرز ہیں جو اچھے کیچز بھی کررہے ہیں لیکن کل کے میچ میں فیلڈنگ اچھی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کی شرکت اگر مگر پر آگئی ہے اگر سری لنکا بھارت سے ہارتا ہے تو پاکستان سری لنکا کو ہرا کر فائنل کیلیے کوالیفائی کرسکتا ہے اگر سری لنکا نے بھارت کو شکست دی تو پھر رن ریٹ پر فائنل ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔