ممبئی: بالی ووڈ فلم ’سنجو‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے نوجوان اداکار وکی کوشال نے سلمان خان کی موجودگی میں کترینہ کیف کو شادی کی پیش کش کر کے سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کی فلم گینگ آف واسع پور سے انڈسٹری میں قدم رکھنے والے نوجوان اداکار نے گزشتہ برس ریلیز ہونے والی دو بڑی فلموں’راضی‘ اور ’سنجو‘ میں کردار ادا کیا جس کے بعد اُن کی بلند پرواز کا سفر شروع ہوگیا۔
تیس سالہ اداکار کا چرچا اتنا عام ہوگیا کہ بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے اُن کے ساتھ فلم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وکی کو جب اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے تعجب کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے گزشتہ برس سنجے دت کی زندگی پر ایک فلم ’سنجو‘ کے نام سے بنائی تھی جس نے نہ صرف باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا بلکہ رنبیر کپور سمیت دیگر کرداروں کی ترقی کا سفر بھی شروع کروایا۔
تیس سالہ اداکار انڈسٹری میں سنجو سے قبل چھوٹے کردار ادا کرتے تھے البتہ اب انہیں لوگ ’وکی کوشال‘ کے نام سے جاننے لگے ہیں۔
کترینہ کی ساتھ کام کرنے کی خواہش کا سُن کر وکی کوشال نے دلچسپ جواب دیا کہ ’میں اس بات پر حیران ہوں بالی ووڈ کی باربی ڈول میرے نام سے واقف ہیں، میں اُن کا بہت زیادہ احترام کرتا ہوں‘۔
حال ہی میں ایک ایوارڈ شو کی تقریب میں وکی کوشال نے سلمان خان کی موجودگی میں کتریبہ کیف کو شادی کی پیش کش کر کے اداکارہ اور تمام شائقین کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکی کوشال نے جب اداکارہ کو شادی کی پیش کش کی تو پس منظر میں سلمان خان کی فلم ’مجھ سے شادی کرو گی‘ کا ٹائٹل سانگ چل رہا تھا۔
کترینہ نے اداکار کی پیش کش سنی تو وہ چند لمحے کے لیے ہکا بکا رہ گئیں البتہ انہوں نے جواب دیا کہ ’ہمت نہیں ہے‘۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر سلمان خان بھی بیٹھے ہوئے تھے جنہوں نے بہت دلچسپ اور حیران کن رد عمل دیا۔ وکی کی خواہش کو سُن کر دبنگ خان نے اپنی بہن ارپیتا خان کے کاندھے پر سر رکھا اور ہنسنے لگے۔