ویڈیو: امریکی شہری نے 251 واں عالمی ریکارڈ بنا لیا

امریکی شہری نے 251 واں عالمی ریکارڈ قائم کر کے دنیا کو حیران کر دیا 1.64 سیکنڈ میں پانچ پنگ پانگ گیندوں کو باؤنس کرکے پانچ شیشوں کے گلاس میں ڈالا۔

دنیا کا ہر شخص مشہور ہونا چاہتا ہے اور اس کے لیے کئی حیرت انگیز کام کرتا ہے جس میں مختلف شعبوں میں عالمی ریکارڈ بنانے جیسے منفرد کارنامے شامل ہیں لیکن ایک امریکی شہری نے تو عالمی ریکارڈ کی ڈبل سنچری کراس کر لی ہے لیکن اس کے باوجود اس کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ٹرپل سنچری کی جانب گامزن ہے۔

یہ امریکی شہری ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش ہے جس نے تیسری بار قلیل ترین مدت میں گیندوں کو گلاسوں میں ڈالنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ اس کا مجموعی طور پر 251 واں عالمی ریکارڈ ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ رش نے 1.64 سیکنڈ میں پانچ پنگ پانگ گیندوں کو باؤنس کرکے پانچ شیشوں کے گلاس میں کامیابی سے ڈالا۔

ڈیوڈ رش نے سب سے پہلے 2018 میں کوسٹا ریکا کے سفر کے دوران پنگ پانگ گیند کو پانچ کپ میں باؤنس کرنے کا تیز ترین ریکارڈ قائم کیا لیکن ان کا 3.51 سیکنڈ کا وقت جلد ہی ایک دوسرے چیلنجر نے توڑ دیا۔

رش بعد میں 2.03 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ عالمی ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنے میں کامیاب  ہوئے لیکن یہ ریکارڈ بھی کینیا کے علی خان کازیا نے توڑ دیا جنہوں نے صرف 2 سیکنڈ کا وقت صرف کیا۔

 

رش نے کہا کہ انہوں نے اپنی تکنیک کو بہتر بنانے کے لیے کام شروع کیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز کے اصول میں تبدیلی کی وجہ سے چھوٹے کپ استعمال کرنے میں کامیاب ہوئے جس سے وہ 1.64 سیکنڈ کا نیا وقت حاصل کر سکے اور ریکارڈ دوبارہ حاصل کیا۔