ایپل اسٹور میں لوٹ مار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

امریکہ کی ریاست پینسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا کے سینٹر سٹی میں ایک ایپل میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایپل اسٹور میں لوٹ مار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، ملزمان چوری کا سامان پلاسٹک کے تھیلوں میں بھرنے میں مصروف ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان نے اسٹور کے سیکیورٹی گارڈ پر بدترین تشدد کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق لوٹ مار میں ملوث ہونے کی شک کی بنیاد پر 20 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ حراست میں لئے گئے ملزمان سے چند موبائل فونز اور دیگر اشیاء بھی بر آمد کی گئی ہیں۔