بابر اعظم میلبرن ٹیسٹ میں بڑی اننگ کھیلنے میں تو ناکام رہے لیکن ایک ننھے مداح کی خواہش پوری کرکے اس جشن منانے کا موقع فراہم کر دیا۔
میلبرن میں کھیلا گیا باکسنگ ڈے ٹیسٹ پاکستان کی شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ قومی ٹیم نے صرف ٹیسٹ ہی نہیں بلکہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی گنوا دی۔ سابق قومی کپتان بابر اعظم بھی اس میچ میں قومی ٹیم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے۔ پہلی اننگ میں وہ ایک رنز پر بولڈ ہوئے تو دوسری اننگ میں جب ان کے وکٹ پر رکنے اور بڑی اننگ کھیلنے کی ضرورت تھی وہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس سے ان کے پرستاروں میں شدید مایوسی پائی گئی
تاہم میلبرن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک لمحہ ایسا بھی آیا جب انہوں نے اپنے ایک کمسن پرستار کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔
میلرن ٹیسٹ کے تیسرے روز باؤنڈری لائن کے قریب بابر اعظم کے مداح ان کے ساتھ سیلفیاں بنوا رہے تھے اور آٹو گراف لے رہے تھے ایسے میں ایک کمسن لڑکے نے زور زور سے بابر اعظم کو پکار کر اپنی طرف متوجہ کیا۔
لڑکے نے بابر اعظم کو اپنے انتہائی قریب دیکھ کر جذباتی انداز میں کہا کہ میں آپ کی ہر اننگ دیکھتا ہوں اور خاص طور پر کور ڈرائیو کو بہت بڑا فین ہوں۔ بچے نے اس موقع پر سیلفی کی فرمائش کی۔
بابر اعظم نے نہ صرف بچے کی فرمائش پوری کرتے ہوئے اس کے ساتھ سلیفی لی بلکہ اس سے ہاتھ ملایا اور پیار سے اس کا گال بھی تھپتھپایا۔
بابر اعظم کی جانب سے اتنا شاندار ردعمل ملنے کے بعد بچے کی خوشی دیدنی تھی۔ اس نے اسٹیڈیم میں موجود دیگر لوگوں سے گلے مل کر اپنی خوشی کا اظہار کیا جب کہ خوشی سے رقص بھی کیا۔
قومی بیٹر کے مداح کی جوش وجذبے سے بھرپور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس کو صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔