محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کیلیے بھیجی گئیں کتابیں بارش کی نذر (ویڈیو)

(20 اگست 2025): دیہی سندھ میں پہلے ہی تعلیم کی صورتحال ابتر ہے ایسے میں طلبہ کیلیے بھیجی جانے والی کتابیں بھی بارش کی نذر ہو گئیں۔

اے آر وائی نیوز کے عمر کوٹ میں نمائندے ممتاز آریسر کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے اسکول کے طلبہ کے لیے بڑی تعداد میں کتابیں اور کاپیاں بھیجی گئی تھیں۔ جنہیں پورے ضلع کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں تقسیم کیا جانا تھا۔

تاہم طلبہ تک پہنچنے سے قبل بارش پہنچ گئی اور اسکول کے ایک کلاس روم میں رکھی یہ کتابیں برساتی پانی میں بھیگ گئیں اور بیشتر ناقابل استعمال ہو گئیں۔

اس حوالے سے تعلقہ آفیسر ایجوکیشن مصطفیٰ سہتو کا کہنا ہے کہ کتابوں کو محفوظ جگہ پر رکھا گیا تھا، لیکن بارش اتنی ہوئی کہ وہ بھی اس کی زد میں آ گئیں۔

افسر تعلیم کا کہنا تھا کہ کتابوں کو یہاں سے منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارش ختم ہونے کے بعد طلبہ میں یہ کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔