بھارت کے دو سابق کرکٹر گوتم گمبھیر اور سری سانتھ مقامی لیگ کرکٹ میں میدان میں جھگڑ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ نا خوشگوار واقعہ بھارت کے شہر سورت میں جاری لیجنڈز لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں انڈیا کیپٹلز اور گجرات جائنٹس کے ایک میچ کے دوران پیش آیا جب سابق بھارتی اوپنر اور انڈیا کیپٹلز کے کپتان گوتم گمبھیر اور سابق فاسٹ بولر سری سانتھ جو گجرات جائنٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں کے درمیان میدان میں گرما گرمی ہو گئی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ میں گمبھیر نے سری سانتھ کو ایک چھکا اور چوکا لگایا بعدازاں اگلی بال ڈاٹ کھیلی جس پر فاسٹ بولر ری ایکشن دیا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں کرکٹرز میں پہلے تکرار ہوتی ہے جس کے بعد وہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تاہم اس سے قبل کہ معاملہ مزید سنگین ہوتا دیگر کھلاڑی اور امپائر مداخلت کرکے دونوں میں بیچ بچاؤ کراتے ہیں۔
Heated conversation between Gautam Gambhir and S Sreesanth in the LLC. pic.twitter.com/Cjl99SWAWK
— Mufaddal Vohra (@mufaddal_vohra) December 7, 2023
میچ کے بعد سری سانتھ نے سری سانتھ نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ گمبھیر نے انہیں نا زیبا گالی کے ساتھ فکسر کہا اور ایسا متعدد بار کیا۔
سری سانتھ نے مزید کہا کہ گمبھیر نے بغیر کسی اشتعال کے مجھے سے بدتمیزی کی اور وہ مجھے عین میدان میں وکٹوں کے درمیان ٹی وی پر لائیو نشر ہوتے میچ میں مجھ سے گالم گلوچ کرتے ہوئے فکسر کہے رہے اور ایسا کئی بار کہا جب کہ اس دوران میں نے ان کے لیے ایک بھی برا لفظ یا گالی گلوچ کا لفظ استعمال نہیں کیا۔ میں نے صرف اتنا کہا کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں؟
View this post on Instagram
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی لڑائی پر لیجنڈز کرکٹ لیگ کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ جس کی بات کرکٹ سرکلز میں ہو رہی ہے، یہ کھیل کی سپرٹ اور سپورٹس مین شپ کی خلاف ورزی ہے اور ہم ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہونے پر تحقیقات شروع کریں گے۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی، چاہے وہ گراؤنڈ میں ہوئی ہو یا سوشل میڈیا پر، اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ سری سانتھ پر آئی پی ایل کے 2013 کے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی عائد کی گئی تھی بعد ازاں سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد بی سی سی آئی نے اس پابندی کو کم کرکے 7 سال کر دیا تھا یوں 2020 میں ان پر عائد پابندی ختم ہو گئی تھی اور وہ کرکٹ کھیلنے کے اہل قرار پائے تھے۔
سری سانتھ نے 2005 اور 2011 کے درمیان ہندوستان کے لیے فارمیٹس میں 90 بین الاقوامی کھیل کھیلے اور گمبھیر ان میں سے 49 میچز میں ان کے ٹیم ساتھی تھے۔ سری سانتھ 2007 کا اولین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2011 کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔