ویڈیو: 4 سالہ بچے کو کیسے ڈھونڈ کر والدین سے ملایا گیا؟

امریکا میں 4 سالہ بچہ لاپتہ ہوگیا جس کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ڈھونڈا گیا اور پھر اسے اس کے والدین سے ملوا دیا گیا۔

ماں باپ کے لیے ان کے بچے دنیا کی ہر نعمت سے بڑھ کر ہوتے ہیں اگر انہیں خراش بھی پہنچے تو والدین تڑپ اٹھتے ہیں اور اگر وہ لاپتہ ہو جائیں تو ماں باپ کی تکلیف کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

امریکا میں بھی ایک 4 سال کا بچہ گُم ہوگیا تاہم ان کے والدین کی خوش قسمتی کہ وہ انہیں دوبارہ مل گیا لیکن اس کے لیے انتہائی تگ و دو کرنی پڑی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست اوہائیو میں گزشتہ دنوں ایک چار سالہ بچہ لاپتہ ہوگیا جس تلاش کرنے کے لیے اوہائیو اسٹیٹ ہائی وے گشتی دستوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا اور کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد آخرکار اسے ڈھونڈ نکالا۔

رپورٹ کے مطابق یہ سرچ آپریشن ریاست کے رینیا ٹاؤن شپ میں کیا گیا۔ جہاں بچے کو تلاش کے باوجود نہ ملنے پر ہائی وے کے گشتی دستوں نے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا اور مقامی افراد کی مدد سے اس کی فضا سے تلاش شروع کی۔

ہیلی کاپٹر نے کافی دیر کی تلاش کے بعد بالآخر بچے کو تلاش کرلیا جو ایک وسیع وعریض زرعی اراضی میں موجود تھا۔

انتہائی اونچائی سے ہیلی کاپٹر نے ایک کھیت میں کسی کو مسلسل حرکت کرتے دیکھا جس کے بعد جب اس کو قدرے نیچے لایا گیا تو وہ مطلوبہ بچہ تھا جو ڈیٹن کے جنوب مشرق میں ایک کھلے کھیت سے گزرتا ہوا نظر آ رہا تھا۔

رپورٹ میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ وہ کیسے لاپتہ ہوا اور کب سے لاپتہ تھا تاہم بچے کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا عملہ اس کے والدین کو وہاں لے جاتا ہے جہاں ماں اسے دیکھ کر فرط جذبات میں اپنے ساتھ لپٹا لیتی ہے۔