ویڈیو: ویسٹ انڈیز نے ذہانت سے آسٹریلوی بیٹر مچل مارش کو کیسے قابو کیا؟

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز نے ذہانت سے غیر روایتی سلپ فیلڈ ترتیب دے کر کینگرو بیٹر مچل مارش کو خطرہ بننے سے قبل پویلین بھیج دیا۔

آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں کھیلا جا رہا ہے اور دوسرے روز ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگ جاری ہے جس میں اسے کینگروز کی برتری ختم کرنے کے لیے 78 رنز درکار جب کہ سات وکٹیں باقی ہیں۔

میچ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلی اننگ میں 188 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 283 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ایک مرحلے پر کینگروز کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تھا اور اس کے صرف چار کھلاڑی آؤٹ تھے۔ اس  مرحلے پر کیریبئن کپتان کی ذہانت کام کر گئی۔

ہوا یوں کہ آسٹریلیا کے ان فارم مڈل آرڈر بلے باز مچل مارش کریز پر موجود تھے لیکن وہ ویسٹ انڈین بولرز کے خلاف مشکل محسوس کر رہے تھے جس کا اظہار اس بات سے ہوتا ہے کہ انہوں نے پہلا رنز بنانے کے لیے 23 گیندیں کھیلیں۔

مچل مارش آہستہ آہستہ 5 رنز پر پہنچے تھے کہ ویسٹ انڈیز نے غیر روایتی کمان کے انداز میں سلپ فیلڈ سیٹ کی جس میں تیسری سلپ کو انتہائی ترچھی پوزیشن پر وکٹ کے قریب رکھا جس کا مطلوبہ نتیجہ مارش کی وکٹ کی صورت میں حاصل ہوا۔

کیما روچ نے اوور کی پہلی گیند پھینکی جو مچل کے بیٹ کے کنارے کو چھوتی ہوئی تیسری سلپ میں کھڑے فیلڈر جسٹن گریوز سے تھوڑا آگے گری تاہم اگلی ہی گیند نے دوبارہ بیٹ کا کنارا چھوا اور تیسری سلپ کی جانب گئی اور اس بار گریوز نے اسے اپنے ہاتھوں میں تھامنے میں کوئی غلطی نہیں کی، یوں ویسٹ انڈیز نے آل راؤنڈر کو بڑا خطرہ بننے سے قبل ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

 

مچل مارش کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹریوس ہیڈ بھی 119 رنز بنانے کے بعد جلد آؤٹ ہوگئے یوں آسٹریلیا جو ایک بڑی برتری کی جانب گامزن تھا، 95 رنز کی برتری ہی حاصل کر سکا۔

پہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے واحد کھلاڑی میکنزی تھے جنہوں نے نصف سنچری بنائی، 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے شمر جوزف 36 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور ہیزل ووڈ نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 283 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار شمر جوزف کا رہا جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔