بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد آپے سے باہر ہوگئیں اور اپنا بیٹ اسٹمپس پر دے مارا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کے خلاف میچ میں شکست کے ڈر نے بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور اپنے حواس کھو بیٹھیں اور آپے سے ایسی باہر ہوئیں کہ کھیل کے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں بکھیر دیں اور اپنا بلا زور سے وکٹوں پر دے مارا۔
بھارتی کپتان کی اسپورٹس مین اسپرٹ سے عاری یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر شائقین کرکٹ ہرمن کور کے حرکت پر ان کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرمن کور اپنے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کامیاب ہونے کے بعد غصے میں آ جاتی ہیں اور اپنا بیٹ اتنی زور سے اسٹمپس پر مارتی ہیں کہ وہ زمین سے اکھڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ پویلین لوٹتے ہوئے وہ با آواز بلند امپائر پر بھی غصے کا اظہار کرتی رہیں۔
That moment from Harmanpreet Kaur 🔥☄️#BANvIND #CricketTwitter
— Women’s CricZone (@WomensCricZone) July 22, 2023
بھارتی کپتان نے اس کے بعد بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور میچ کے بعد انٹرویو کے دوران میں نہ مانوں کی رٹ لگاتے ہوئے بھی امپائرز پر برس پڑیں اور امپائرنگ کے معیار کو انتہائی پست قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ امپائرنگ کا معیار دیکھ کر ہی وہ بنگلہ دیش کے دورے کا فیصلہ کریں گی۔
بھارتی کپتان کی یہ حرکت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کوڈ آف کنڈکٹ 2.2 کی خلاف ورزی ہے اور کرکٹ اکیوپمنٹ کے قانون کی خلاف ورزی پر ان پر لیول ون کی کارروائی ہوسکتی ہے جب کہ امپائر کے خلاف انٹرویو پر بھی انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔