کراچی میں شہریوں پر پولیس کا مبینہ تشدد، ویڈیو سامنے آگئی

کراچی: شہر قائد کے علاقے سعود آباد میں شہریوں پر پولیس اہلکار کے مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں پولیس کی مبینہ رشوت خوری پر شہریوں سے مڈ بھیڑ ہوئی، ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار مشتاق نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ سعود آباد کے پولیس اہلکاروں نے پیسے مانگے، پیسے نہ دینے پر تشدد کیا گیا۔

سعود آباد تھانے کی پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکاروں کو شناخت کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں نظر آنے والے اہلکار صبح کی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکاروں کی شناخت نوید، ندیم اور مشتاق کے ناموں سے ہوئی ہے، الزامات ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سعود آباد کو تین دن میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی کے علاقے پنجاب کالونی میں جنید نامی نوجوان کو پولیس اہلکار نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا، نوجوان پر تشدد اور فائرنگ کے الزام میں پولیس اہلکار فہد کو گرفتار کرکے 2 مقدمات درج کرلیے گئے تھے۔