نائیکوپ (NICOP) بنوانے کا آسان طریقہ- اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اہم خبر

اگر آپ پاکستانی ہیں اور بغرض تعلیم روزگار یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو روانگی سے قبل اپنا نائیکوپ ضرور بنوا لیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے تعلیم روزگار یا مستقل رہائش کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان سے روانگی سے قبل اوور سیز پاکستانیوں کا قومی شناختی کارڈ (نائیکوپ) بنوانا ہرگز نہ بھولیں۔

وہ پاکستانی جو اسمارٹ شناختی کارڈ یا بغیر چپ والے شناختی کارڈ رکھتے ہیں وہ انہیں نائیکوپ میں تبدیل کرا سکتے ہیں۔

نائیکوپ بنوانے کا آسان طریقہ:

نائیکوپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر بنوایا جا سکتا ہے تاہم اس کے لیے کچھ دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔

درخواست دہندہ کے پاس اسمارٹ شناختی کارڈ یا بغیر چپ والا شناختی کارڈ، پاکستانی یا غیر ملکی پاسپورٹ یا رہائشی اجازت نامہ یا کام کا اجازت نامہ (ورک پرمٹ)، سفری دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔

مذکورہ دستاویزات کے ساتھ آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر تشریف لے جائیں جہاں آپ کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں ڈیٹا انٹری میں اپنے کوائف درج کرائیں، انگلیوں کے نشانات دیں اور تصویر بنوائیں۔

چوتھے مرحلے میں فارم کی تصدیق کوئی خونی رشتہ دار یا گزیٹڈ افسر اور عوامی نمائندہ کر سکتا ہے۔ پانچویں مرحلے میں نادرا آفس انچارج آپ کی درخواست کی منظوری دے گا۔

اگر آپ کی درخواست منظور ہو گئی تو آپ کے دیے ہوئے موبائل نمبر پر منظوری کا میسج آئے گا جس کے بعد آپ مطلوبہ کٹیگری کے مطابق کسی بھی نادرا دفتر میں یا آن لائن فیس جمع کرا سکتے ہیں۔

نائیکوپ کتنی مدت میں بنے گا؟

نادرا نے اس کے لیے تین کٹیگری مقرر کی ہیں اور ہر کٹیگری کی فیس الگ الگ ہے۔

ایگزیکٹو کٹیگری میں نائیکوپ 7 دن میں، ارجنٹ کٹیگری میں 15 دن جب کہ نارمل کٹیگری میں 30 دن کے اندر بنوایا جا سکتا ہے۔

اپنی کٹیگری کے مطابق مدت پوری ہونے پر کسی بھی نادرا دفتر سے اپنا اوور سیز پاکستانی کا شناختی کارڈ (نائیکوپ) حاصل کر سکتے ہیں۔

نائیکوپ کی فیس ہر ملک کے لیے شرح تبادلہ کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہے جس کی تفصیل نادرا ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔

نائیکوپ سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے نادرا کی جانب سے جاری کردہ یہ ویڈیو دیکھیں۔