بھارت میں خاتون سے زبانی بدکلامی پر مسافروں نے بس کنڈکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تمل ناڈو کے تریچی ضلع میں پیش آیا جہاں ایک بس کنڈکٹر کو مسافروں کے ایک گروپ نے خاتون سے مبینہ بدسلوکی کرنے پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
کنڈکٹر پر تشدد کے یہ مناظر بس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئے اور بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی جس میں مسافروں کے ایک گروہ کو بس کنڈکٹر پر بہیمانہ تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ بس کنڈکٹر جس کی شناخت موکیان کے نام سے ہوئی ہے اس کو کچھ مرد مسافر شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گھونسوں اور تھپڑوں کی برسات کر دیتے ہیں جب کہ وہ خود کو حملے سے بچانے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔
ویڈیو میں دیگر مسافروں کو حیران کن انداز میں یہ منظر دیکھتے جب کہ کچھ خواتین مسافروں کو بیچ بچاؤ کراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
— Harsh Tyagii (@tyagiih5) February 11, 2024
بتایا جاتا ہے کہ یہ پرائیوٹ بس چتھیرام سے تھواکوڈی روٹ پر چلتی ہے اور کنڈکٹر کی ایک خاتون مسافر کے ساتھ اس وقت زبانی بدکلامی کی جب بس نے اسے مطلوبہ اسٹاپ پر اتارنے کے بجائے کچھ آگے جا کر اتارا۔
بعد ازاں جب بس چتھیرام بس اسٹینڈ پر واپس آئی تو پانچ افراد گاڑی میں سوار ہوئے اور موکیان پر حملہ کر دیا، اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے مبینہ طور پر حملے کے بعد کنڈکٹر کا کیش بیگ بھی چھیننے کی کوشش کی۔
متاثرہ کنڈکٹر نے گاندھی مارکیٹ تھانے میں پانچوں حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی شکایت پر پانچوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی شناخت و گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔