ویڈیو: رولر کوسٹر اچانک خراب، درجنوں افراد کی زندگی داؤ پر لگ گئی

امریکا کے ایک تفریحی پارک میں رولر کوسٹر اچانک خراب ہونے کے باعث اس میں سوار افراد گھنٹوں زمین سے سینکڑوں فٹ بلند الٹا لٹکے اور ان کی زندگی داؤ پر لگی رہی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ خطرناک واقعہ امریکی ریاست وسکانسن کے ایک شہر کرینڈن میں پیش آیا جہاں ایک تفریحی پارک میں ’آسیلٹنگ فائربال‘ نامی رولرکوسٹر جب گھوم کر اوپر گئی تو عین اسی وقت جھٹکے سے رک گئی۔

اس موقع پر رولر کوسٹر میں سوار درجنوں افراد بے یار ومددگار گھنٹوں زمین سے سینکڑوں فٹ بلند الٹا لٹکے رہے اور موت کے خوف سے ان کی چیخیں بلند ہوتی رہیں۔

کافی دیر تک رولر کوسٹر درست کرنے اور دوبارہ چلانے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد بالآخر ریسکیو کا کام شروع کیا گیا اور رولر کوسٹر میں پھنسے افراد کو کرینوں کی مدد سے نیچے اتارا گیا۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کے 15 سے 20 منٹ بعد ہی فائر بریگیڈ اور دیگر عملہ پہنچ گیا تھا تاہم ریسکیو کے لیے ضروری سامان کی کمی کی وجہ سے پھنسے ہوئے افراد کی بروقت مدد شروع نہ کی جا سکی اور اطراف کے دیگر شہروں سے عملہ، سیڑھیاں اور خصوصی کرین منگوائی گئیں جس کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔

 

دوسری جانب اس دوران 2 گھنٹے سے زائد وقت تک لوگ رولر کوسٹر میں پھنسے رہے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ ایک شخص کی طبیعت خراب ہونے کے بعد ریسکیو کرنے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔