ویڈیو: سوشل میڈیا پر لیک گانا کیا پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ ہے؟

پاکستان سپر لیگ شروع ہونے میں صرف تین روز باقی ہیں لیکن اس کے آغاز سے قبل ہی سوشل میڈیا پر ایک گیت لیک ہوگیا جس کو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ کہا جا رہا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف اکاؤنٹس سے گانے کے کچھ چھوٹے کلپ وائرل ہوئے ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ پی ایس ایل 8 کا آفیشل ترانہ ہے جس کی ریکارڈنگ کے دوران ویڈیو بنا کر لیک کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک قدرے اونچے اسٹیج پر عبداللہ صدیقی سمیت دیگر فنکار گانے پر پرفارم کر رہے ہیں جب کہ نیچے شائقین کھڑے اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جب کہ عقب میں آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

مذکورہ گیت کے کلپس ’’پی ایس ایل 8 کے ترانے کا شوٹ لیک‘‘ کے عنوان سے شیئر کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پی ایس ایل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا تھا کہ ترانہ عبداللہ صدیقی، فارس شفیع، عاصم اظہر اور شے گل کی آواز میں ریلیز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 8 کا آغاز 13 فروری کو ملتان میں ہو رہا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر اور میزبان ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ان ویڈیو کلپس کو لاکھوں صارفین دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کرچکے ہیں۔