کرکٹ ایسا کھیل ہیں جہاں آئے دن ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن گزشتہ روز ایسا ریکارڈ قائم ہوا جس کو آنکھوں سے دیکھ کر بھی یقین کرنا مشکل لگتا ہے۔
آپ نے کرکٹ کے کئی میچز دیکھ رکھے ہوں گے جس میں بلے بازوں کو رنز کی برسات کرتے ہوئے آسمان کی بلندیوں کو چھوتے چھکے اور تیز سے باؤنڈری پار گیندوں کو بھیجتے دیکھا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو اس میچ کی کچھ جھلکیاں دکھائیں گے جس میں بیٹر نے چوکوں چھکوں کی برسات نہیں کی بلکہ طوفان برپا کر دیا۔
یہ نا قابل فراموش اننگ یورپین کرکٹ سیریز (ای سی ایس) کے تحت کھیلے جانے والے ٹی 10 لیگ مقابلے میں اسپینش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر حمزہ سلیم ڈار نے کھیلی ہے جنہوں نے ریکارڈ 440 کے ہوش ربا اسٹرائیک ریٹ سے صرف 43 گیندوں پر 193 رنز کی حیران کن اننگ کھیلی ہے۔
یہ میچ سوہل ہاسپیٹلیٹ اور کاتالونیا جیگوار کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سوہل ہاسپیٹلیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 257 رنز اسکور کیے۔
میچ کی سب سے خاص بات اسپینش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر حمزہ سلیم کی وہ اننگ رہی جس کے آگے برق رفتار، طوفانی اور دھواں دھار لکھنا سب بے معنی لگتا ہے کیونکہ انہوں نے صرف 43 گیندوں پر 193 رنز کی اننگ کھیلی اور ٹی 10 لیگ کی سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
انہوں نے اپنی اس اننگ میں 22 بار گیند کو فضا سے ہی باؤنڈری کے پار پہنچایا جب کہ 14 چوکے لگائے ان کا بیٹنگ اسٹرائیک 449 رہا۔
حمزہ کی اس اننگ کے دوران میچ دیکھنے والے اتنے منہمک ہوئے کہ پلکیں جھپکنا بھی بھول گئے۔ بیٹر نے اپنی نصف سنچری 12 اور سنچری 24 گیندوں پر مکمل کی جبکہ 150 رنز تک پہنچنے کے لیے انہیں 35 گیندیں کھیلیں۔
!
Hamza Saleem Dar's 43-ball 1️⃣9️⃣3️⃣ not out is the highest individual score in a 10-over match. #EuropeanCricket #EuropeanCricketSeries #StrongerTogether pic.twitter.com/4RQEKMynu2
— European Cricket (@EuropeanCricket) December 6, 2023
ہدف کے تعاقب میں حریف ٹیم کاتالونیا جیگوار صرف 104 رنز بناسکی اور یوں سوہل ہاسپیٹلیٹ نے 153 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔
حمزہ سلیم کی اس ویڈیو کو یورپین کرکٹ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور کرکٹ شائقین اس ویڈیو سے خوب محظوظ ہونے کے ساتھ دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔