اسرائیلی ٹک ٹاکرز مظلوم فلسطینیوں کی بے بسی کا مذاق اُڑانے لگے

صہیونی سفاکیت کے باعث ایک جانب جہاں غزہ کے باسیوں کی حالت زار نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے تو دوسری جانب اسرائیل کے ٹک ٹاکرز مظلوم فلسطینیوں کی بے بسی کا مذاق اُڑانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔

الجزیرہ کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ پر کچھ ویڈیوز شیئرکی گئی ہیں، ویڈیوز میں ٹک ٹاکرز کوغزہ کے مظلوموں کی بے بسی کا تمسخر اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ویڈیو میں اسرائیلی ٹک ٹاکر غزہ کے مظلوموں کے تباہ ہونے والے گھروں کی تصویروں کے آگے رقص کرتے اور اپنے کمرے کی لائٹ آن آف کرتے نظر آیا۔

یہی نہیں اسرائیلی ٹک ٹاکر نے پانی بجلی کے بے جا استعمال کے ذریعے فلسطینیوں کی مجبوریوں کا مذاق بھی اڑایا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں ٹک ٹاکر اسرائیلی خاتون کو فلسطینی خواتین جیسا لباس پہن کر کیچپ اور میک اپ کے ذریعے زخمی بچوں اور خواتین کا مذاق اڑاتے دیکھا گیا۔

اس ویڈیو میں اسرائیلی خاتون نے ہاتھ میں گریپ فروٹ اٹھائے یہ ظاہر کرنے کی بھی کوشش کی فلسطینی بچوں کو مارنے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کا کہنا ہے کہ فلسطین سے متعلق دنیا ناکام ہو رہی ہے۔ مارٹن گریفتھس نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دنیا انسانیت کے ایک حصے کے حقداروں کو بچانے میں ناکام ہو رہی ہے۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ غزہ پر اسرائیل کی بمباری کے 20 دن بعد حملے "بدتر ہوتے جا رہے ہیں یہاں تک کہ ان علاقوں میں بھی جو محفوظ سمجھے جاتے ہیں۔