برطانیہ (31 جولائی 2025) شاہد آفریدی اور کامران اکمل نے بھارتی فینز سے خوش اخلاقی سے ملاقاتیں کر کے ان کے دل جیت لیے۔
ایک جانب بھارت کے متعصب نام نہاد لیجنڈ کرکٹرز ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر کے جنٹلمین کھیل کا امیج خراب کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹرز انڈین کھلاڑیوں کے برعکس بھارتی شائقین کے ساتھ پیار اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے خوش اخلاقی سے ملاقاتیں کر کے ان کے دل جیت رہے ہیں۔
شاہد آفریدی جو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کھیلنے کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔ انہوں نے بھارتی فینز کی خواہش پر ان کے ساتھ سیلفی لی اور اس کی ویڈیو شیئر کی۔
پاکستان کے سابق وکٹ کیپر جنہوں نے چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں حال ہی میں سنچری اسکور کی ہے۔ انہوں نے بھی گراؤنڈ میں فینز کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور ایک بھارتی پرستار کی خواہش پر اپنے کرکٹ گلوز اس کو تحفے میں دے دیے۔
دوسری جانب بھارتی کھلاڑیوں کےمیدان سے جاتے ہوئےشاہد آفریدی کی بالکونی میں کھڑے وڈیو نےبھی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ بھارتی پرستار بھی لالہ، لالہ کی آوازیں لگا کر اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت نے پہلے راؤنڈ میچ میں اور گزشتہ روز سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس پر دنیا بھر میں کرکٹ شائقین تنقید کر رہے ہیں۔