یونیسکو کے لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے جانے والے 35 افراد ویتنام میں کشتی الٹنے سے ہلاک

ویتنام کشتی الٹ گئی

ہنوئی: یونیسکو کے لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے جانے والے 35 افراد ویتنام میں کشتی الٹنے سے ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز ویتنام کے ہالونگ بے میں اچانک گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث سیاحوں کی ایک کشتی الٹنے سے پینتیس سیاح ہلاک ہو گئے، حکام نے ابتدائی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اڑتیس بتائی تھی۔

حکام کے مطابق امدادی کارکن ڈوبی ہوئی کشتی کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، کشتی میں سوار افراد کی تعداد 49 تھی، جس میں کشتی کا عملے کے 5 ارکان سمیت 20 بچے بھی شامل تھے۔

سیاح یونیسکو کے ایک لوک ورثہ مرکز کی سیاحت کے لیے آئے تھے کہ کشتی کو حادثہ پیش آ گیا، ان سیاحوں میں سے اکثر اپنے خاندان کے ساتھ سیاحت کے لیے نکلے ہوئے تھے، جن کا تعلق ویتنامی دارالحکومت ہنوئی سے ہے۔


سیکڑوں مسافروں کو لے جانیوالے بحری جہاز میں بدترین آگ، کتنے افراد بچ پائے؟


ریسکیو سرگرمیوں میں درجنوں امدادی کارکن، بارڈر گارڈز، نیوی، پولیس اور پیشہ ور ڈائیورز نے حصہ لیا، حد نگاہ محدود اور موسم خراب ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دو افراد کو بچایا تاہم باقی لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

روئٹرز کے مطابق ہنوئی کے شمال مشرق میں تقریباً 200 کلومیٹر شمال مشرق میں چونے کے پتھر کے ہزاروں جزیروں پر مشتمل علاقہ یونیسکو نے عالمی لوک ورثہ قرار دیا ہے، جہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں، اور یہ حادثہ حالیہ برسوں کا بدترین قرار دیا گیا ہے، گرج چمک کے ساتھ اچانک چند منٹوں میں آسمان سیاہ ہو گیا تھا اور تیز بارش شروع ہو گئی۔

10 سال کے ایک ویتنامی بچے نے ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے الٹنے والی کشتی کے ایئر پاکٹ میں پناہ لے لی تھی، جہاں اسے امداد پہنچنے تک انتظار کرنا پڑا، اور ریسکیو اہلکاروں نے اسے بچا لیا۔