’4 جون کو سب پیک اپ ہوجائے گا‘ کانگریس امیدوار نے کنگنا رناوت کو آڑے ہاتھوں لے لیا

کانگریسی امیدوار اور ہماچل پردیش کے وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت  کو الیکشن مہم چلانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش کے پارلیمانی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار اور وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے کہا ہے کہ سیاست میں عوامی خدمت کے لیے بہت زیادہ وقت دینا پڑتا ہے، جو کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار اور فلم اداکارہ کنگنا رناوت کے پاس نہیں ہے۔

 کانگریس کے امیدوار نے کہا کہ کنگنا روناوت کی پوری فلم کی شوٹنگ 4 جون کو پیک ہو جائے گی، آج وہ خود کو ہماچل کی بیٹی کہتی ہیں لیکن میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں انہوں نے کبھی خود کو ہماچل کا نہیں بتایا۔

وکرمادتیہ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ آج اگرچہ منالی میں میرا بڑا گھر ہے لیکن مجھے یہاں کے لوگوں سے کوئی محبت نہیں ہے، جب ہماچل پر بُرا وقت آیا تو انہوں نہ کسی کی مدد کی اور نہ ان کی خیریت دریافت کی۔

کانگریس کے امیدوار نے مزید کہا کہ جب سابق بی جے پی حکومت نے انہیں ریاست کا سفیر بننے کے لئے کہا تھا تو انہوں نے سرکار سے ایک دان کا 45 لاکھ روپے مانگے تھے۔

دوسری جانب کانگریس لیڈر جگت سکھ نے اپنی انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے سینئر لیڈروں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک ایسی اداکارہ کو میدان میں اتارا ہے جو اپنی باتوں اور کام کاج سے تنازعات میں گھری ہوئی ہیں۔