بوداپست: ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربن نے پیشگوئی کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا۔
رومانیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وکٹر اوربن نے کہا کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جا رہا ہے اور اس کی شروعات ایشیا سے ہوگی، عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہو جائے گی۔
ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ کئی صدیوں تک ایشیا دنیا کا مرکز ہوگا، چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں ہوں گی، مغرب کی توقعات کے برعکس اب ہر کوئی روس کی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایران اور بھارت کے بھی روس سے اچھے تعلقات ہیں، مسلم دنیا بھی اب روس کو دشمن کے بجائے اتحادی سمجھتی ہے، نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود ترکیہ بھی روس کے ساتھ ہے۔
وکٹر اوربن نے مزید کہا کہ آج دنیا کا بڑا مسئلہ مغرب کی ٹوٹ پھوٹ اور کمزوری ہے، مغرب کا رویہ حقیقی اور حالات کو سنبھالنے والا نہیں ہے، امن کی سیاست کا وقت ہے یوکرین کو بھی یہ بات سمجھ آگئی ہے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ یورپ کو اب ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے کہیں دیر نہ ہو جائے۔
ہنگری کے وزیر اعظم نے کہا کہ یوکرین کبھی بھی یورپی یونین یا نیٹو کا رکن نہیں بنے گا کیونکہ ہم یورپیوں کے پاس اس کیلیے اتنی رقم نہیں ہے، یورپی یونین کو سیاسی منصوبے کے طور پر اپنی شناخت ترک کر کے اقتصادی اور دفاعی منصوبہ بننے کی ضرورت ہے۔