لاہور (02/08/2025) ایس پی کینٹ نے بااثر شخص کی جانب سے مزدوروں پر تشدد کی وائرل ویڈیو کا فوری نوٹس لے لیا، ڈیفنس سی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
لاہور کے ایک بااثر شخص آفتاب میو نے اپنی طاقت کے زعم میں حیوانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غریب مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق دو مزدوروں آصف اور تنویر کا قصور صرف اتنا تھا کہ انہوں نے آفتاب میو سے مزدوری کا تقاضا کیا تھا جو اسے ناگوار گزارا اور اس نے ڈنڈوں کے وار سے ان پر بد ترین تشدد کیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں مزدوروں پرتشدد کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام ایکشن میں آگئے۔
ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ڈیفنس سی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مزدوروں پرتشدد کرنے والے ملزم آفتاب میو کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔
اس حوالے سے ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے بتایا کہ ملزم نے مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی، ملزم آفتاب میو کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔