سیلفی لیتے نوجوانوں پر ہاتھیوں نے دھاوا بول دیا، ویڈیو وائرل

ہاتھیوں کا دھاوا

بھارت میں ہاتھیوں کی موجودگی میں سیلفی لینا نوجوانوں کو مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں تین دوست سیلفی لینے لگے تو پیچھے سے ہاتھیوں کا جھنڈ آگیا جس کو دیکھ کر تینوں نوجوان بھاگ نکلے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تینوں دوست اپنی جان بچانے کے لیے دوڑ رہے ہیں جبکہ ایک شخص بھاگتے ہوئے گر بھی جاتا ہے اور پھر اٹھ کر بھاگنا شروع کردیتا ہے۔

ہاتھیوں سے بچنے کے لیے بھاگتے ہوئے نوجوان کا موبائل فون بھی گر گیا تاہم تینوں نوجوان اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔

اس واقعے کی ویڈیو ایک راہگیر نے بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایک صارف نے لکھا کہ احمقانہ کھیل کھیلیں، احمقانہ انعامات جیتیں۔‘ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’جنگل میں قدم رکھنے اور ناراض ہاتھیوں سے کامیابی سے بچنے کے لیے نوجوان تعریف کے مستحق ہیں۔‘

واضح رہے کہ ماضی میں بھی ہاتھیوں اور دیگر جانوروں کے سیاحوں پر حملے کی ویڈیوز سامنے آتی رہی ہیں۔

محکمہ جنگلات کے حکام کی جانب سے عوام پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ جانوروں جیسے ہاتھی، شیر ودیگر کو پریشان نہ کریں۔