ایشیا اور ورلڈ کپ کیلیے ٹریننگ، بنگلہ دیشی کھلاڑی انگاروں پر چلنے لگے، ویڈیو وائرل

رواں ماہ ایشیا کپ اور دو ماہ بعد ورلڈ کپ کے لیے دنیا بھر کی کرکٹ ٹیمیں ٹریننگ کر رہی ہیں لیکن بنگلہ دیشی ان ایونٹس کے لیے کچھ انوکھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے معروف بیٹر محمد نعیم شیخ کو ایک گراؤنڈ مشہور مائنڈ ٹرینر سبط ریحان کے کہنے پر دہکتے ہوئے کوئلوں پر ننگے پیر چلتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔

یہ ویڈیو کلپ بنگلہ دیشی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران کا ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ اس سخت ٹریننگ کا مقصد رواں ماہ ہونے والے ایشیا کپ اور ڈیڑھ ماہ بعد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس کے لیے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کرنا ہے۔

کرکٹ کے کسی بھی ایونٹ کے لیے اس نوعیت کی ٹریننگ پہلی بار عوامی سطح پر دیکھی گئی ہے جس کے باعث اس غیر معمولی ویڈیو نے مختصر مدت میں سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔

 

یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شائقین کرکٹ ’’آگ پر چلنے‘‘ کے فوائد جاننے میں خاصی دلچسپی لیتے دکھائی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بنگلادیش اپنا پہلا میچ 31 اگست کو سری لنکا سے کینڈی میں کھیلے گا۔