روس میں زلزلے کے دوران بھی ڈاکٹر نے آپریشن جاری رکھا، ویڈیو وائرل

ڈاکٹرز کو مسیحا کہا جاتا ہے اور روس میں سرجنز نے اس کو سچ ثابت کردیا 8.8 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکوں میں بھی آپریشن جاری رکھا۔

آج روس میں 8.8 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا جس کے بعد روس سمیت کئی ممالک میں سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا اور سونامی کی لہریں امریکی ساحل تک جا پہنچیں۔

روس میں جب 8.8 کی شدت کے زلزلے سے ہر شے لرز رہی تھی اور لوگ خوفزدہ ہو کر اپنی جانیں بچانےکے لیے بھاگ رہے تھے۔ ایسے میں اسپتال میں سرجنز اپنی جان کی پروا کیے بغیر مریض کی جان بچانے میں مصروف تھے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں زلزلے کے دوران روسی علاقے پیٹرویاولوفسک کامچاٹسکی اسپتال میں سرجنز کو ایک مریض کے آپریشن میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔

آپریشن تھیٹر میں ہر چیز لرز رہی تھی لیکن سرجنز کا حوصلہ اپنی جگہ قائم تھا اور انہوں نے حقیقی مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے مریض کا آپریشن جاری رکھا۔

اس دوران آپریشن تھیٹر میں موجود عملے نے سرجنز کا بھی بھرپور ساتھ دیا اور زلزلے کے جھٹکوں کے دوران مریض اور آلات کو تھامے رکھا اور انہیں گرنے نہ دیا۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں ڈاکٹروں کے انسانیت دوست رویے کو سراہا جا رہا ہے۔

روسی وزارت صحت نے بھی اس حوالے سے جاری بیان میں سرجنز کے کردار کی تعریف کی ور کہا کہ ڈاکٹروں نے خطرے کے باوجود مریض کے ساتھ رہے اور اپنی خدمات جاری رکھیں۔ مریض کا آپریشن کامیاب رہا اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔