کراچی میں ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو وائرل

کراچی میں ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی وائر لیس گیٹ پھاٹک کے قریب بچے کی ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ڈی ایس ریلوے کراچی محمود الرحمان کے بروقت ایکشن پر بچے سے بولٹ خریدنے والے کباڑیے کو گرفتار کرلیا گیا۔

ریلوے پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے بچے صفیر عباس سے پوچھ گچھ کی۔

بچے کی نشاندہی پر ریلوے میٹریل خریدنے والے کباڑی محمد حسنین کو گرفتار کرلیا گیا، کباڑی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق واقعہ دو سے تین ماہ پرانا ہے۔

ڈی ایس ریلوے کراچی نے ٹریک پر گشت مزید بڑھانے اور مینٹیننس، رپورٹنگ کا عمل مزید موثر اور سخت بنانے کی ہدایت جاری کردیں۔