ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری گروپ میچ میں پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا رو پڑیں جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
یو اے ای میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان گزشتہ شب نیوزی لینڈ سے آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد سیمی فائنل سے باہر ہوگیا تاہم میچ کے آغاز سے قبل قومی ترانے پر پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کی جذباتی ویڈیو اور آنسوؤں سے بھیگی آنکھوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
فاطمہ ثنا جن کے والد کا گزشتہ دنوں کراچی میں انتقال ہوا تھا اور وہ ٹورنامنٹ کا ایک میچ چھوڑ کر وطن واپس آئی تھیں تاہم تدفین کے بعد قومی ذمے داری کی ادائیگی کے لیے دوبارہ ٹیم کو دبئی میں جوائن کیا اور گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف ڈو اور ڈائی ٹیم کی قیادت کی۔
میچ سے آغاز سے قبل جب پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا تو فاطمہ ثنا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھیں چھلک پڑیں۔
یہ جذباتی لمحہ کیمرے میں مقید ہوگیا اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں افراد دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں۔
قومی کپتان کو ملنے والے حالیہ جذباتی صدمے (والد کے انتقال) کے تناظر میں صارفین کی بڑی تعداد نے ان لمحات میں قومی ذمے داریوں کی ادائیگی کے جذبے کو سراہا اور ان کی ہمت افزائی کی ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل سے باہر کر دیا۔ کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کیوی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکی۔