بھارت میں آموں کا ٹرک الٹ گیا اور آم لوٹنے کے لیے لوگوں کا ہجوم اُمڈ آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہرادون میں رسپانا پل پر آموں سے بھرا ایک ٹرک الٹ گیا، حادثے نے اس جگہ کو پھلوں کے میلے کے منظر میں بدل دیا اور اس نے تیزی سے سب کی توجہ مبذول کر لی۔
ٹرک گرتے ہی درجنوں رسیلے آم سڑک پر بکھر گئے، اگرچہ شکر ہے کہ کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن اصل ڈرامہ اس وقت شروع ہوا جب مقامی لوگوں نے پل پر پھلوں کو بکھرے دیکھا، کچھ ہی دیر میں لوگ تھیلے، ٹوکریاں اور بوریاں لے کر دوڑتے ہوئے آئے، اور زیادہ سے زیادہ آم لینے کی کوشش کرنے لگے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پورا پل منی مارکیٹ کی طرح دکھائی دے رہا تھا کیونکہ لوگ پوری توانائی کے ساتھ آم اٹھا رہے تھے۔
ٹرک الٹنے سے ٹریفک کچھ دیر کے لیے متاثر ہوئی تاہم پولیس نے فوری طور پر موقع پر حالات پر قابو پالیا۔ یہ ویڈیو اب وائرل ہو گئی ہے، جس نے مفت آموں کے رش سے نیٹیزین کو حیران کر دیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’انسانیت تو یہ ہوتی کہ ایک شخص کا تمام سامان اکٹھا کرکے ایک طرف رکھا جائے میں نے ترقی یافتہ ممالک میں بھی ایسا ہی دیکھا ہے فکر کی کوئی بات نہیں۔
دوسرے صارف نے لکھا کہ ’مفت کا مال لوٹنے کے لیے سب جمع ہوگئے ہیں۔‘